خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی ساؤتھ ریجن سے متعلق اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی ساؤتھ ریجن سے متعلق اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی محمد آیاز، چیف انجینئر باتور زمان سمیت محکمہ آبپاشی کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف انجینئر نے صوبائی وزیر کو ساؤتھ ریجن میں جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں امبریلا سکیم، ڈی ایف سی سکیم، مختلف تیار شدہ پی سی ونز، اور ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت، ہنگو، کرک اور پشاور سرکلز میں جاری منصوبوں کی پیش رفت شامل تھی۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیر التوا کاموں پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کیا جائے اور 30 نومبر تک پیش رفت رپورٹ ہر صورت جمع کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے واضح احکامات ہیں کہ صوبے میں کرپشن کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شفافیت، قانون کی بالادستی اور گڈ گورننس پر مکمل طور پر یقین رکھتی ہے اس لیے کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور مکمل پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں کیونکہ کارکردگی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص ناجائز کام کرے یا میرا نام استعمال کرے تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہوگا اور جو بھی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاض خان نے کہا کہ انہیں اللہ تعالیٰ کا خوف ہے اور وہ اپنی زندگی عوام کی خدمت کے لیے وقف سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں جزا و سزا کا واضح نظام موجود ہے جہاں قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق امیر و غریب کے لیے ایک جیسا قانون نافذ ہے۔

مزید پڑھیں