خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا ہے کہ صوبے میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی، شفافیت اور مؤثر سروس ڈیلیوری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا ہے کہ صوبے میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی، شفافیت اور مؤثر سروس ڈیلیوری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، غفلت اور ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے لیے محکمے میں کوئی گنجائش نہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی و حفاظتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پشاور میں محکمہ آبپاشی نارتھ ریجن سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی محمد آیاز، چیف انجینئر نارتھ ریجن طارق علی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف انجینئر نے نارتھ ریجن کے اضلاع صوابی، ہزارہ، سوات اور مردان سرکلز میں جاری ترقیاتی اور فلڈ پروٹیکشن منصوبوں پر صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے ہدایت کی کہ فلڈ پروٹیکشن کے تمام کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور افسران کسی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہ کریں بلکہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ طریقے سے انجام دیں۔ اجلاس میں نارتھ ریجن میں فلڈ پروٹیکشن والز، نہروں کی بہتری، پانی کی منصفانہ تقسیم اور جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ ریاض خان نے اس موقع پر مزید ہدایت کی کہ تمام حفاظتی و ریلیف منصوبے بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ سیلاب کی ممکنہ صورتحال میں عوام، املاک اور زرعی زمینوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں آبپاشی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کرپشن کے خاتمے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہروں کی مرمت، صفائی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہو سکے۔

مزید پڑھیں