ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی ہدایت پر ضلع چارسدہ میں عرصہ دراز سے بند سرکاری اسکولوں کی بحالی اور ان سے متعلقہ انتظامی امور کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی ہدایت پر ضلع چارسدہ میں عرصہ دراز سے بند سرکاری اسکولوں کی بحالی اور ان سے متعلقہ انتظامی امور کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ مس رینہ سہروردی نے کی۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، تمام تحصیل داران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمیل)، ڈی ایس پی چارسدہ، تمام تحصیل میونسپل آفیسرز، ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو اسٹاک اور ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں بند پڑے سرکاری اسکولوں سے متعلقہ تمام معاملات کو موجودہ ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بند اسکولوں کی بحالی، رکاوٹوں کا خاتمہ، اراضی سے متعلق مسائل کا حل اور تعلیمی سرگرمیوں کی فوری بحالی متعلقہ افسران کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ
تعلیم ہماری ترقی کی بنیاد ہے اور بند پڑے اسکولوں کو فعال کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بھرپور ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھائیں تاکہ ہمارے بچوں کا روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔
آخر میں انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی بحالی کے لیے پیش رفت رپورٹ جلد از جلد جمع کرائی جائے اور عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

مزید پڑھیں