خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے بروز ہفتہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول تھانہ مردان کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے تھانے کے ریکارڈ، مال خانے اور حوالات کا معائنہ کیا اور عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا جبکہ تھانے کے محرر اور دیگر عملے نے صوبائی وزیر کو تھانے کے حدود میں منشیات کے خلاف کاروائیوں اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے بریفننگ دی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور اس سلسلے میں رعایت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس دھندے میں ملوث عناصر ہماری نسلوں کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں محکمے کے افسران اور عملے کیلئے بھی واضح ہدایات ہیں کہ کسی بھی سطح پر رعایت یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ صوبے کو منشیات سے پاک کیاجائے تاکہ نئی نسل کو اس تباہ کن لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
