صوبائی وزیر ایکسائز سید فخرجہان کی زیرِ صدارت بونیر میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی زیرِ صدارت پیر کے روز ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے اعلی سطح کی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم، ڈی جی ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم خان، ڈی پی او بونیر، ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول، ایی ٹی او انٹی نارکوٹکس آپریشنز،سرکل آفیسر و ایس ایچ او ایکسائز سوات، فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں، سیاسی مشران، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔کھلی کچہری کا مقصدمنشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام، آگاہی کے فروغ، اصلاحی سماجی اقدامات کو مضبوط کرنا اور متعلقہ اداروں و فلاحی تنظیموں کے ساتھ مشترکہ کوششیں و تدابیر وضع کرنا تھا۔کھلی کچہری سے خطاب میں صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ منشیات ایک ایسا ناسور ہے جو نہ صرف نوجوان نسل بلکہ پوریمعاشرتی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے ڈرگ فری خیبرپختونخوا کے ویژن کے مطابق بلا امتیاز، سخت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے اس لعنت کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث کسی بھی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ منشیات کیلئے اصلاحی و سماجی اقدامات بھی ضروری ہیں جس میں سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کا حکومت اور اداروں کیساتھ ایک کلیدی کردار بنتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت اس لعنت کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے گی تاہم معاشرے کو من حیث القوم کمیونٹی کی سطح پر اس سوچ کو مضبوط کرنا ہے کہ منشیات ایک سماجی دشمن ہے اور اس کے خلاف ہر شہری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے بونیر میں محکمہ ایکسائز کے سب سٹیشن آفس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے دفتر میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت عملہ تعینات ہوگا جس سے ضلع میں انسدادِ منشیات کی کارروائیوں میں تیزی آئے گی اور مقامی نگرانی کا نظام مضبوط ہوگا۔اپنے خطاب کے دوران صوبائی وزیر نے تمام شرکاء، فلاحی تنظیموں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ ایکسائز اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد ایک محفوظ، باشعور اور منشیات سے پاک خیبرپختونخوا اور ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اداروں، فلاحی تنظیموں اور عوام کی کوششوں کی ہر سطح پر مکمل سرپرستی کرتی رہے گی تاکہ آنے والی نسلیں صحت مند اور محفوظ ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔شرکاء نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے اپنی تجاویز اور بعض گذارشات بھی پیش کیں اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے تاریخ میں پہلی دفعہ انسداد منشیات کے لئیسنجیدہ اقدامات اٹھاتے ہوئے بونیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او بونیر نے کہا کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے گی اور محکمہ ایکسائز کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان نے کہا کہ محکمہ ایکسائز صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا۔سماجی تنظیموں نے یقین دلایا کہ وہ اس مہم میں حکومت کے شانہ بشانہ رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید پڑھیں