خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے نوشہرہ میں خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے مصنوعی اور ملاوٹی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری پر گزشتہ روز چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سے 350 لیٹرز تیار شدہ مصنوعی دودھ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویژن شیر رحمان کی نگرانی میں پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن -2 کے ہمراہ انڈسٹریل اسٹیٹ رسالپورمیں واقع مصنوعی اور ملاوٹی دودھ بنانے والی یونٹ پر چھاپہ مارا اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے کارروائی کے دوران دودھ کے نمونے موقع پر ہی چیک کیے۔ دودھ کے نمونے مصنوعی اور مضر صحت ثابت ہونے پر فیکٹری میں موجود مشینری، چیلرز، کیمیکل ڈرمز اور کیمیکلز سپلائی کرنے والی گاڑی سرکاری تحویل میں لے کر یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ غیرقانونی کاروبار میں ملوث عناصر پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ فیکٹری مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کامیاب کارروائی کو سراہا اور کہا کہ جعلی، مصنوعی اور ملاوٹی دودھ کا مکروہ دھندہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے صوبہ بھر کیانسپکشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ ایسے گھناؤنے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
