جمہوریت کی بالادستی کے لیے پرامن سیاسی و قانونی جدوجہد جاری رہے گی، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں اپنے آئینی، قانونی اور جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے ایک پرامن سیاسی احتجاج کیا تاہم بدقسمتی سے وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے نہتے اور پرامن کارکنوں پر سیدھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد کارکن شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیات آباد پشاور میں 26 نومبر کے شہید کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد ایک بیان میں کیا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان اس تقریب میں اپنے حلقے کے کارکنوں اور لوگوں کے ہمراہ ایک بڑے قافلے کی شکل میں شریک ہوئے. تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی بھی شریک تھے۔تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی قیادت اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ وفاق اور پنجاب پر زبردستی مسلط نام نہاد جمہوری پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کا راستہ روکنے کے لئے آئین میں ترامیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پی ٹی آئی کے پرامن اور نہتے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا گیا اور ان پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔شفیع جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی اور جمہوری جماعت ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے اور قانون کے احترام کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا واحد مطالبہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی ہے کیونکہ عمران خان اور اُن کی اہلیہ کو محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ان پر قائم تمام مقدمات سیاسی اور بے بنیاد ہیں،معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی پرامن سیاسی و قانونی جدوجہد جاری رہے گی اور عمران خان، ان کی اہلیہ اور دیگر قائدین و کارکنان کو رہائی دلائی جائے گی۔

مزید پڑھیں