خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، پشاور، مردان اور نوشہرہ میں غیر معیاری خوردنی اشیاء کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری و سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز پشاور، مردان اور نوشہرہ میں بڑی کارروائیاں کیں۔ ٹیموں نے سینکڑوں کلوگرام بوسیدہ چکن، ممنوعہ چائنہ سالٹ اور جعلی برانڈڈ مشروبات کی خالی بوتلوں کی بھاری کھیپ برآمد کر لی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پھندو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 500 کلوگرام سے زائد خراب اور بوسیدہ چکن برآمد کرکے موقع پر تلف کیا، جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوشہرہ روڈ پر پولیس کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 375 کلوگرام سے زائد ممنوعہ چائنہ سالٹ ضبط کیا، جو مختلف بازاروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔مزید بتایا گیا کہ رسالپور صنعتی زون میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک یونٹ پر اچانک چھاپہ مار کر جعلی برانڈڈ مشروبات کی خالی بوتلوں کی بھاری کھیپ برآمد کی۔ یونٹ کو سیل کردیا گیا، یونٹ میں نصب مشینری سرکاری تحویل میں لے لی گئی اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ مزید قانونی کارروائی فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں غیر معیاری خوراک کے خلاف بھرپور اور مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

مزید پڑھیں