محکمہ ایکسائز کی نوشہرہ اور ملاکنڈ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں

خیبر پختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نوشہرہ اور ملاکنڈ میں دو اہم کامیاب آپریشنوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس و آئس برآمد کرلی گئی جبکہ ایک اہم ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر نوشہرہ پشاور جی ٹی روڈ پر محکمہ ایکسائز کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ کارروائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان اور سرکل آفیسر ناصر اقبال خان کی نگرانی میں کی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ ایکسائز مردان ریجن عماد خان کی ٹیم نے گاڑی نمبر C-4840 کو روک کر تلاشی لی جس کے دوران 72000 گرام چرس اور 3000 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ملاکنڈ میں بھی محکمہ کے متعلقہ افسران کی نگرانی میں ڈاکٹر اذلان اسلم ایس ایچ او تھانہ ایکسائز ملاکنڈ ریجن کی ٹیم نے ایک اہم منشیات فروش گروپ کے خلاف کارروائی کی۔ محکمہ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ یہ گروہ دریائے سوات کے قریب اراضیات میں کم عمر لڑکوں کو منشیات فروخت کررہا ہے۔چھاپے کے دوران گروہ کا اہم رکن مسمی نوید ولد زولا خان کو گرفتار کرلیا گیا جس سے 512 گرام چرس کے 70 ٹوکن برآمد ہوئے جو وہ جائے وقوعہ پر فروخت کررہا تھا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق نوید ولد زولا خان افغان شہری ہے اور اس کے خلاف ضلع ملاکنڈ میں منشیات فروشی اور چوری کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ گروہ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

مزید پڑھیں