انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسزمیں تقریب کا انعقاد،وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امورآفتاب عالم ایڈووکیٹ کی بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت

انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے نظامت قانون و انسانی حقوق کے زیر اہتمام، یو این ڈی پی اوریورپی یونین کے تعاون سے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز حیات آباد میں بدھ کے روز ایک آگہی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بنیادی انسانی حقوق،مساوات،عدل و انصاف کی اہمیت کے مختلف پہلوں کو اجا گر کیا گیا۔ تقریب میں وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور خیبرپختونخوا آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائیٹس، یو این ڈی پی،یورپی یونین، تعلیمی اداروں، سرکاری اداروں،غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ اساتذہ اور طلبہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں وزیر قانون نے کہا کہ انسانی حقوق کی ترویج اور قانون کی بالادستی کے لیے ایسے فورمز نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی و معاشی استحکام کے لیے انسانی حقوق کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی لازم و ملزوم ہیں، اور اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے سیسہ پلائی دیوار کی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ صوبائی حکومت ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے اور موجودہ قوانین میں ترامیم کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد انسانی حقوق کا حقیقی تحفظ یقینی بنانا ہے۔آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کی اے ڈی پی میں انسانی حقوق کے فروغ سے متعلق ایک جامع منصوبہ شامل کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔تقریب میں انسانی حقوق کے حوالے سے طبلہ و طالبات کے درمیان منعقد کی گئیں ڈاکومنٹریز ویڈیو مقابلے میں دس بہترین ویڈیوز پیش کی گئیں جنہیں شرکاء نے سراہا۔ تقریب میں تین بہترین ٹیموں کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 10دسمبر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے کی مناسبت سے تفصیلی گفتگوکی۔

مزید پڑھیں