خیبرپختونخوا حکومت کے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی ہیدایات پر جاری آپریشن کے سلسلے میں گزشتہ تین دنوں کے دوران محکمہ ایکسائز نے ملاکنڈ،پشاور اور مردان میں الگ الگ کاروائیاں عمل میں لائیں۔ملاکنڈ میں عاکف نواز خان سرکل آفیسر کی نگرانی میں ازلان اسلم ایس ایچ او تھانہ ایکسائز سوات نے ملاکنڈ کے علاقے خار میں کارروائی کرتے ہوئے نشہ فروشی میں ملوث سہولت کار سلمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 135 گرام چرس برآمد ہوئی۔پشاور کارخانوں مارکیٹ میں ماجد خان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نارکوٹکس کنٹرول کی نگرانی،فیصل خان سرکل آفیسر خیبر کی سربراہی میں ماجد حسین ایس ایچ او نے کارخانوں مارکیٹ میں دکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 208 عدد (187 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ مزاحمت کے باوجود ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔اسی طرح سعود خان گنڈا پور پراوینشل انچارج بیورو آف اینٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن کی نگرانی میں فخر عالم خان انسپکٹر اور شیر شاہ سوری سب انسپکٹر نے مردان،نوشہرہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دو کم عمر لڑکوں کے ذریعے آئس راولپنڈی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ دونوں لڑکوں کے پیروں سے بندھی ہوئی 2000 گرام آئس برآمد کی گئی جس کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کے پورے نٹ ورک تک پہنچنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
