مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ کرپشن رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں میں کرپشن کے تصور کے مطابق پنجاب میں سب سے اوپر جبکہ خیبر پختونخوا میں تناسب سب سے نیچے ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے 2025 کی رپورٹ جاری ہوگئی ہے اور مبینہ اعداد و شمار کے مطابق پولیس 24 فیصد کے ساتھ پاکستان کا سب سے زیادہ کرپٹ شعبہ تصور کیا جاتا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبائی سطح پر پولیس کے بارے میں کرپشن کا سب سے زیادہ تصور پنجاب میں 34 فیصد ہے۔ اس کے بعد بلوچستان 22 فیصد جبکہ سندھ 21 فیصد ہے اور خیبر پختونخوا کا نمبر سب سے نیچے 20 فیصد ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوامی خدمات میں رشوت کے لحاظ سے بھی خیبر پختونخوا کا سکور سب سے کم جبکہ سندھ، پنجاب کا زیادہ ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ الحمدللہ خیبر پختونخوا ڈیجیٹل ایپ دستک نے 2025 کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ دوسری جانب دوسرے صوبے کرپشن کے تمام ایوارڈ جیت رہے ہیں۔
