وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے ضلع ایبٹ آباد کے خصوصی دورے کے موقع پر مقتولہ لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی

وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے ضلع ایبٹ آباد کے خصوصی دورے کے موقع پر مقتولہ لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی، مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ“ڈاکٹر وردہ مشتاق کا بے رحمانہ قتل انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ حکومت اس واقعے کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے، اور ہم ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ملزمان قانون کی گرفت سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔”بعد ازاں صوبائی وزیر نے بے نظیر ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ“ڈاکٹرز کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ہمارے لیے قابلِ قدر اثاثہ ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو مکمل پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ“حکومت صحت کے عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ ہم ڈاکٹر کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم اور ڈی ایچ او ایبٹ آباد بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید پڑھیں