ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور ضلعی انتظامیہ مردان کے زیر اہتمام یومِ انسدادِ بدعنوانی کی مناسبت سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) مردان میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر مردان محمد فیاض خان، ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان اور اے ڈی سی (جی) مردان عید نواز شیرانی نے مہمانانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل محمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور بدعنوانی کے معاشرے پر منفی اثرات اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے، اس لیے ہر فرد کو اس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایڈیشنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مردان نے اپنے خطاب میں بدعنوانی کے تدارک کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ سیمینار کے بعد یو ای ٹی مردان کے اساتذہ اور طلبہ نے اگاہی واک میں شرکت کی اور بدعنوانی کے خلاف اپنے عزم کا اظہار کیا۔
