دستک ایپ کی عالمی کامیابی، بہتر عوامی خدمات اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کی عملی کوششوں کا اعتراف ہے،معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے اٹھائے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کی ڈیجیٹل گورننس کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے اس کے برعکس جو بڈگورننس کے طعنے دے رہے ہیں انکی اپنی کارکردگی نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی ”دستک ایپ“ نے تائیوان میں منعقد ہونے والے ایشیئن پیسیفک انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی الائنس ایوارڈز 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے گورنمنٹ اینڈ سٹیزن سروسز کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی اس مقابلے میں 17 ممالک نے شرکت کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ 14 سال بعد اس کیٹیگری میں پاکستان اور بالخصوص حکومت خیبرپختونخوا کی یہ کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پاکستان کے مستقبل کی قیادت کر رہا ہے۔عالمی سطح پر حکومت خیبر پختونخوا کی کامیابی پر شفیع جان نے کہا کہ شفافیت، مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال اور بروقت عوامی خدمات کی فراہمی کی بنیاد پر ”دستک ایپ“ کو عالمی معیار کا ماڈل قرار دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے صرف خیبرپختونخوا کی دو ایپلیکیشنز ”دستک ایپ“ اور ”ٹورسٹ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم“ فائنلسٹ کے طور پر منتخب ہوئیں، ٹورسٹ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کو بھی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی جبکہ کئی ممالک نے خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل گورننس ماڈل اور جدید ٹیکنالوجی اپنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ڈیجیٹل گورننس پر بات کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کے لیے ”دستک ایپ“ ایک انقلابی قدم ہے جو نہ صرف شہریوں کو بروقت خدمات فراہم کر رہی ہے بلکہ بدعنوانی کے خاتمے اور شفاف نظام کی بھی ضمانت ہے، انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اسلحہ لائسنس، ایکسائز رجسٹریشن، تعلیمی سکالرشپس،پراپرٹی ٹیکسز سمیت دیگر خدمات کے لیے آن لائن درخواست اور فیسوں کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی یہ کامیابی بانی چیئرمین عمران خان کے ڈیجیٹل وژن کی عملی تصویر ہے جبکہ صوبائی حکومت کا ڈیجیٹل گورننس ماڈل دیگر صوبوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال بن چکا ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ ”کیش لیس خیبرپختونخوا“ منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جس کے تحت 33 سرکاری خدمات کو جلد مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت سرکاری محکموں میں شفافیت کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،شفیع جان نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ سروے رپورٹ بھی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نہ صرف بدعنوانی کے تدارک کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے بلکہ ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔معاون خصوصی شفیع جان نے شاندار کامیابی پر خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران اور پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دی اور انکی کارکردگی کو سراہا

مزید پڑھیں