خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، سینکڑوں کلوگرام غیر معیاری ومضر صحت کیچپ پکڑ کر تلف، جرمانے عائد

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پشاور اور ہری پور میں بڑی مقدار میں ناقص اور ایکسپائر اشیاء ضبط کر کے تلف کر دیں۔کاروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پشاور میں فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹاؤن-1 ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پھندو روڈ پر مشترکہ کارروائی کی اور ایک گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 1500 کلوگرام مختلف اقسام کا غیر معیاری خوردنی سامان برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ اشیاء میں سب اسٹینڈرڈ کیچپ، ایکسپائر کیمیکلز اور دیگر مضر صحت خوراک شامل تھی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح ہری پور میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے حطار انڈسٹریز اسٹیٹ میں واقع کیچپ تیار کرنے والی ایک فیکٹری کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 750 کلوگرام غیر معیاری و ایکسپائر کیچپ پلپ اور 80 کلوگرام غیر معیاری سرکہ برآمد کیا گیا، جو تیاری کے عمل میں استعمال ہونا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اشیاء کو موقع پر ہی تلف کر دیا جبکہ فیکٹری مالکان پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ عوام کو غیر معیاری اور مضر صحت خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں