وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ حکومتِ خیبر پختونخوا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کی آرائ اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے نئی پالیسیاں جلد متعارف کرائی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سپورٹس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سپورٹس ویک میں طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، جس کے دوران کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔مشیر کھیل نے مینجمنٹ سائنس اور مائیکرو بائیولوجی کی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا کرکٹ میچ خود دیکھا اور اس موقع پر کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے ہر سمسٹر میں منعقد ہونے چاہئیں، کیونکہ کھیل نہ صرف بہترین ورزش ہیں بلکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق جہاں جہاں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات میسر نہیں، وہاں حکومت انہیں فراہم کرے گی، جبکہ موجودہ سہولیات میں پائی جانے والی کمی کو بھی جلد پورا کیا جائے گا۔ تاج محمد خان ترند نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔مشیر کھیل نے مزید کہا کہ صوبے میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا اور حکومت ہر سطح پر نوجوانوں اور کھیلوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے جیتنے والی ٹیم کے لیے دو لاکھ روپے جبکہ رنر آپ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔
