کے پی-ریٹپ کے زیرِ اہتمام روزگار اور ملازمت کے فروغ سے متعلق صنعتی سیمینار

خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ (کے پی-ریٹپ) کے زیرِ اہتمام روزگار اور ملازمت کے فروغ کے موضوع پر ایک صنعتی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد حکومتِ خیبر پختونخوا اور نجی شعبے، بالخصوص صنعتی اداروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری یونٹس، کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینا اور صوبے میں ہنرمند نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا تھا۔
کے پی-ریٹپ حکومتِ خیبر پختونخوا کا ایک اہم فلیگ شپ منصوبہ ہے، جسے انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈیولپمنٹ (آئی ایف اے ڈی) کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی غربت میں کمی، خوراک اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ آف فارم اور نان فارم روزگار کے متنوع مواقع پیدا کر کے دیہی آبادی کی آمدن اور معاشی استحکام میں اضافہ کرنا ہے، جس میں نوجوانوں اور خواتین کو خصوصی ترجیح حاصل ہے۔سیمینار کے شرکاء کو جاب پلیسمنٹ اقدام کے خدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، جس کے تحت ہنرمند اور تصدیق شدہ نوجوانوں کو بارہ ماہ تک کی معاوضہ شدہ انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا، دفتری ماحول سے ہم آہنگی پیدا کرنا اور سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے مہارتوں کے فرق کو مؤثر انداز میں کم کرنا ہے۔اس پروگرام کے تحت ہر انٹرنی کو کے پی-ریٹپ کی جانب سے ماہانہ پندرہ ہزار روپے بطور وظیفہ ادا کیے جائیں گے، جبکہ میزبان صنعتی ادارے ماہانہ پانچ ہزار روپے کے مساوی معاونت فراہم کریں گے، جس میں پیشہ ورانہ رہنمائی اور منظم عملی تربیت شامل ہوگی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے پی-ریٹپ امجد معراج نے منصوبے کے اغراض و مقاصد اور ترجیحات پر روشنی ڈالی اور صنعتی اداروں اور ایس ایم ایز پر زور دیا کہ وہ ہنرمند نوجوانوں کو ایک مؤثر، باصلاحیت اور پیداواری افرادی قوت میں تبدیل کرنے کے لیے کے پی-ریٹپ کے ساتھ فعال شراکت داری قائم کریں، تاکہ شمولیت، پائیداری اور دیرپا سماجی و معاشی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے۔کے پی-ٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک منصور نے صنعتی اداروں کے لیے درخواست اور شمولیت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا، جس میں کے پی-ٹیوٹا کے ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ایکسپریشن آف انٹرسٹ جمع کرانے کا عمل شامل ہے۔ انہوں نے صنعتی اداروں کی ذمہ داریوں، انتخاب کے معیار، قانونی و انتظامی تقاضوں اور انٹرن شپ پروگرام کے مؤثر اور شفاف نفاذ کے لیے مربوط نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر قرۃ العین اور ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریز خیبر پختونخوا کے نمائندگان نے بھی حکومتِ خیبر پختونخوا کے متعلقہ قوانین اور پالیسیوں کے مطابق انٹرن شپ فریم ورک، طریقہ کار اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے کردار اور ذمہ داریوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔سیمینار کے اختتام پر سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندگان نے باہمی تعاون کے ذریعے باوقار روزگار کے فروغ، مہارتوں کے مؤثر استعمال اور خیبر پختونخوا میں جامع اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں