وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے وفاقی حکومت کی نجکاری پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے قومی تشخص اور وقار کی علامت ادارے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نیلامی کر دی ہے، جسے کسی بھی صورت میں ایک کامیاب قدم نہیں کہا جا سکتا۔ اس نوعیت کے فیصلے وہی جماعتیں کر سکتی ہیں جنہیں نہ عوامی احساسات کا ادراک ہو اور نہ ہی جو عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہی کی بڑی وجہ اس ادارے میں وفاق میں بغیر مینڈیٹ کے براجمان انہی جماعتوں کی سیاسی مداخلت، اقربا پروری اور کرپشن رہی ہے، جس کے باعث ایک وقت میں کامیاب ترین ادارے کو اس نہج تک پہنچا دیا گیا، اور اب اسے اونے پونے داموں فروخت کر دیا گیا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں نہ قومی وقار کا خیال رکھا گیا اور نہ ہی اس ادارے سے وابستہ ہزاروں ملازمین کے مستقبل کو مدنظر رکھا گیا۔ نجکاری کے بعد 135 ارب روپے کی مالی بولی میں سے حکومت کے پاس محض 7.5 فیصد حصہ باقی رہ جائے گا، جو وفاقی حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے پاس نہ کوئی واضح وژن ہے اور نہ ہی عوامی مینڈیٹ، جس کے باعث نہ بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے اور نہ ہی ملکی معیشت ترقی کر پا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کے فقدان اور واضح معاشی پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ملک شدید معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔شفیع جان نے کہا کہ کرپشن اور اقربا پروری کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز جیسے قومی ادارے کو بھی تباہ کر دیا گیا، جبکہ جعلی وفاقی حکومت کی نااہلی کے سبب عوام روز بروز مہنگائی کے دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے بیرونی سرمایہ کاری ناگزیر ہے، مگر وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کار سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں۔بعد ازاں بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر شروع کی گئی اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام ملتے ہی اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کارکنوں، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر پارٹی تنظیموں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی مقبولیت کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ عمران خان اور دیگر قائدین و ورکرز کی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ ہمارا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جو جمہوریت کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
