صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر ایم ریاض اور دیگر کابینہ اراکین کو الیکشن میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے،اپنے تہنیتی پیغام میں شفیع جان نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کا جمہوری عمل کے ذریعے انتخاب جمہوری روایات اور صحافتی اقدار کا واضح مظہر ہے،انہوں نے کہا کہ ایم ریاض کا چھٹی بار پشاور پریس کلب کا صدر منتخب ہونا ان پر صحافتی برادری کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے صحافی غیر جانبدار، ذمہ دار اور اصولی صحافت کے علمبردار ہیں،نامساعد اور مشکل حالات کے باوجود صحافیوں نے جس پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں وہ قابل تحسین ہیں،شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادی اظہار رائے اور آزاد صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبے میں صحافی برادری کو ایک آزاد، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے صحافیوں نے اپنے قلم کے ذریعے صوبے میں امن و امان کے قیام اور معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے،انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے کمزور، محروم اور مظلوم طبقات کی آواز بنتے رہیں اور نو منتخب کابینہ صحافتی اقدار اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے،معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نوجوان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو صحافیوں کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ، خصوصی گرانٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت صحافی برادری کی ترقی، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور انداز میں کوشاں ہے۔

مزید پڑھیں