خدمات تک رسائی کمیشن خیبر پختونخوا کے تحت نامزد خدمات سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں آج پختونخوا ریڈیو پشاور سے ایک خصوصی پروگرام نشر کیا گیا۔اس خصوصی کرنٹ افیئرز پروگرام کی میزبانی معروف سینئر صحافی اشرف ڈار نے کی، جبکہ پروگرام میں سینئر صحافی لحاظ علی اور تاشفین اسرار، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، خدمات تک رسائی کمیشن نے بطور مہمان شرکت کی۔پروگرام کے دوران خیبر پختونخوا خدمات تک رسائی ایکٹ 2014 کے تحت نامزد سرکاری خدمات، ان کی مقررہ مدت، عوامی شکایات کے اندراج کا طریقہ کار اور خدمات تک رسائی کمیشن خیبر پختونخوا کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نامزد خدمات عوام کا قانونی حق ہیں اور مقررہ مدت میں خدمات کی فراہمی نہ ہونے کی صورت میں شہری کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔اس موقع پر تاشفین اسرار نے خدمات تک رسائی کمیشن کی کارکردگی، ضلعی سطح پر مانیٹرنگ میکنزم اور عوامی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ لحاظ علی نے عوامی آگاہی اور میڈیا کے مؤثر کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پروگرام کا مقصد عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنا اور سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر سروس ڈیلیوری کو فروغ دینا تھا۔
