نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی فلاح کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔مشیر کھیل تاج محمد خان ترند

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی فلاح کے لئے صوبائی حکومت بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، بانی چیرمین عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اس ملک کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاو رمیں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد، بینک آف خیبر کے حکام جواد تاجک اورمحمد عمران سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں بینک آف خیبر اور محکمہ کھیل اور امور نوجوانان کے حکام نے مشیر کھیل کو یوتھ لون پروگرام،احساس نوجوان پروگرام،انصاف روزگار پروگرام اسکے طریقہ کار،مسائل،سہولیات اور درپیش چیلنجز سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔حکام نے اس پروگرام کے تحت خواتین کیلئے گارمنٹس،ہینڈی کرافٹس اور دیگر روزگار کے مختلف مواقع کی سہولیات پر بریفنگ دی۔مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں کیلئے قرضہ (یوتھ لون سکیم)کے حوالے سے آگاہی مہم کو تیز کرنے اور انکی شکایات کے ازالہ کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو انکی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان اور بینک آف خیبر مشترکہ طور پر نوجوانوں کو اس پرواگرام کے افادیت اور طریقہ کار کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی مہم کی ضرورت ہے تاکہ عوام اس پراجیکٹ کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولیات اور آسانی کیلئے گریوینس کمیٹی کو فعال بنایا جائے تاکہ عوام تکنیکی مسائل سے دوچار نہ ہوں۔تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات کرکے اس پراجیکٹ کے فنڈز اور دورانیہ کو مزید بڑھانے کی سفارش کریں گے۔

مزید پڑھیں