خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبنوشی میں تقرری و تعیناتی کے لیے ایک جامع، واضح اور نافذالعمل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبنوشی میں تقرری و تعیناتی کے لیے ایک جامع، واضح اور نافذالعمل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، جس کا مقصد محکمہ کے تمام انتظامی و تکنیکی امور کو بہتر انداز میں چلانا، کارکردگی کو مؤثر بنانا اور کام کی رفتار میں نمایاں تیزی لانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ تقرری و تعیناتی کے معاملات میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام فیصلے خالصتاً میرٹ، شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر کیے جائیں گے کسی افسر یا اہلکار کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اپنے دفتر میں تقرری و تعیناتی پالیسی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں چیف انجینئر ساؤتھ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ امجد شمشیر سمیت محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو تقرری و تعیناتی پالیسی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ محکمہ میں مختلف خالی اسامیوں پر تحریری امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل جاری ہے انٹرویوز کی تکمیل اور میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کے بعد محکمہ میں موجود بیشتر خالی آسامیاں پُر ہو جائیں گی، جس سے سٹاف کی کمی پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا اور محکمہ کے امور میں تیزی کے ساتھ ساتھ منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے گی۔مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ میں اس وقت موجود باقی خالی آسامیوں کو محکمہ خزانہ سے منظوری حاصل ہونے کے بعد ایٹا کے ذریعے مشتہر کیا جائے گا، تاکہ شفاف طریقے سے اہل اور قابل افراد کی بھرتی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل شکور خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پوسٹنگ و ٹرانسفر سے متعلق ایک واضح، شفاف اور قابلِ عمل پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ محکمہ آبنوشی کو ایک مضبوط، منظم اور عوام دوست ادارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، میرٹ کی بالادستی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

مزید پڑھیں