وفاقی اور پنجاب حکومت عوام دوست پالیسیوں کے بجائے سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے،شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ کل بروز منگل بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی بہنیں اڈیالہ جیل جائیں گی جبکہ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے منتخب اراکین اسمبلی اور کارکنان بھی اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہوں گے۔یہاں سے جاری اپنے بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے سیاسی قیادت اور اہل خانہ کی ملاقات کے حوالے سے واضح عدالتی احکامات موجود ہیں اس کے باوجود پنجاب پر قابض مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر ہفتے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑا رہی ہے جو نہ صرف آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوری اقدار کی بھی پامالی ہے،شفیع جان نے کہا کہ بغیر عوامی مینڈیٹ کی پنجاب پر قابض ن لیگی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے اہل خانہ، سیاسی قیادت اور وکلاء کو ملاقات سے مسلسل روک کر کھلی فسطائیت کا مظاہرہ کر رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات سیاسی قیادت، وکلاء اور اہل خانہ کا بنیادی اور قانونی حق ہے جسے طاقت کے زور پر سلب نہیں کیا جا سکتا،معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک پُرامن، آئینی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے لیکن جعلی پنجاب حکومت کی ایما پر پنجاب پولیس پرامن کارکنوں اور خواتین پر واٹر کینن جیسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جو سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی عوام کے دلوں کی آواز ہیں انہیں تنہا کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور جعلی پنجاب و وفاقی حکومتیں جتنا بھی ظلم کر لیں عمران خان کے لیے عوامی حمایت کو دبایا نہیں جا سکتا، شفیع جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور عمران خان سمیت دیگر اسیر قیادت کی رہائی کے لیے پُرامن، آئینی، قانونی اور سیاسی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی انہوں نے مزید کہا کہ اگر وفاقی اور پنجاب حکومتیں سیاسی انتقام کی بجائے گورننس پر توجہ دیتیں تو آج ملک معاشی طور پر مستحکم ہوتا مگر بدقسمتی سے وفاقی حکومت عوام دوست پالیسیوں کی بجائے سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے جس کا خمیازہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

مزید پڑھیں