اختیار عوام کا — عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک مؤثر قدم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی اورچیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کے عوامی فلاحی اقدام ’اختیار عوام کا‘ کے تحت عوام کو بااختیار بنانے اور سرکاری اداروں تک براہِ راست رسائی فراہم کرنے کے وژن کے مطابق، سیکریٹری محکمہ ایکسائزو ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع مردان خالد خان کے ہمراہ مردان چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کے دوران چیمبر آف کامرس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اویس خان، صدر مردان چیمبر آف کامرس اور ایگزیکٹو ممبران سے ٹیکس سے متعلق امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔اجلاس میں تاجروں نے سیکریٹری محکمہ ایکسائز کو ٹیکسز سے متعلق درپیش مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز نے تاجروں کے مسائل کو بغور سنا اور ان کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔سیکریٹری محکمہ ایکسائز نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ای ٹی او) کو ہدایت جاری کی کہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیکسز سے متعلق مسائل اور تحفظات پر ایک جامع رپورٹ مرتب کر کے پیش کی جائے تاکہ ان مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔مزید برآں، سیکریٹری ایکسائز نے مردان چیمبر آف کامرس میں تاجروں کی سہولت اور آسانی کے لیے فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے جس پر فوری عمل درآمد شروع کردیا گیا تاکہ تاجران کو ٹیکسز سے متعلق سہولت اور آسانی، شکایات کے اندراج، رہنمائی اور فوری پیروی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع چیمبر آف کامرس نے محکمہ ایکسائز اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تاکہ ٹیکس نظام کو مؤثر، شفاف اور تاجر دوست بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ یہ اقدامات حکومتِ خیبر پختونخوا کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ’اختیار عوام کا‘ کے ذریعے شہریوں اور تاجر برادری کو بااختیار بنا کر ان کے مسائل کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے۔

مزید پڑھیں