خیبر پختونخوا کے وزیرِ تعلیم ارشد ایوب خان کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول ایبٹ آباد کے بورڈ آف گورنرز (BoG) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکول پرنسپل اختر علی قریشی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ کے لیے مجوزہ سفارشات سے بورڈ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اجلاس میں بورڈ ممبران سمیت ڈپٹی کمشنر ایبٹ اباد کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم نے بھی شرکت کی اجلاس میں سکول کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ورکنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ کمیٹی کے ممبران کا بھی تعین کر دیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس مقررہ وقت پر باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ صوبائی وزیر کو گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔سکول انتظامیہ نے اساتذہ کی ترقی (پروموشن) کے عمل سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) لیب کے قیام، ڈویلپمنٹ فنڈز اور سولر انفراسٹرکچر کی فراہمی کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کو خود انحصاری کی جانب بڑھنا ہوگا اور اپنے تمام اخراجات اپنے وسائل سے پورے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کو اپنی تعلیمی استعداد اور معیار کو مزید بہتر بنانا ہوگا اور سرکاری وسائل پر انحصار کرنے کے بجائے طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ادارے افراد کی خواہشات کے مطابق نہیں بلکہ پالیسی اور قواعد کے تحت چلتے ہیں، اس لیے سکول انتظامیہ کو اپنی پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔ اجلاس میں آڈٹ پیراز کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سکول کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا کر بعض معاملات کو واضح کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں منظوری کے لیے بورڈ آف گورنرز کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں