وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ جوش و خروش سے جاری ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وادی تیراہ سمیت صوبے کے مختلف پہاڑی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران شدید برفباری ہوئی ہے، جس کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے فوری طور پر ریسکیو، ریلیف اور روڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یہاں سے جاری اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، سوات، دیر، چترال سمیت دیگر پہاڑی اضلاع میں تمام سرکاری مشینری مکمل طور پر متحرک ہے، جبکہ تمام متعلقہ محکمے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ برف سے بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے مختلف اضلاع کے ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران متاثرہ افراد کو بروقت عارضی کیمپوں میں بحفاظت منتقل کیا گیا، جہاں خوراک سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود تیراہ سمیت تمام اضلاع میں جاری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ محکمہ اطلاعات کے تمام ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز بھی عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے خصوصی نشریات نشر کر رہے ہیں۔
اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاونِ خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آج اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں پشاور سے مردان تک ریلی کی قیادت کی، جس کا مقصد عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور قوم پر مسلط فارم 47 کی جعلی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اور مردان کے مختلف مقامات پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کارکنان نے والہانہ اور تاریخی استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں ہونے والی ریلی میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب مزید ظلم، جبر اور فسطائیت کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
یہ اسٹریٹ موومنٹ بانی چیئرمین عمران خان پر قوم کے غیر متزلزل اعتماد کا عملی اظہار ہے۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ یہ اسٹریٹ موومنٹ جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ نہ فارم 47 کو مانتی ہے اور نہ ہی عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو مزید مہلت دے گی۔ وفاق پر مسلط کرپٹ ٹولے کے دن گنے جا چکے ہیں، اور عوام جلد حقیقی جمہوریت کو واپس حاصل کریں گے۔

مزید پڑھیں