سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوعامر سلطان ترین نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سیٹلمنٹ اینڈ ڈیجیٹائزیشن آف لینڈ ریکارڈز پراجیکٹ کے ہمراہ ضلع خیبر میں سیٹلمنٹ آفیسر کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ضلع خیبر میں جاری سیٹلمنٹ کارروائیوں کے بارے میں ایس ایم بی آر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ایس ڈی ایل آر منصوبے کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا جن میں اب تک کی پیش رفت، فیلڈ سرگرمیاں، ڈیٹا کی تصدیق کے مراحل اور زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات شامل تھے،ایس ایم بی آر نے خاص طور پر مستفیدین کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز کے اندراج اور تصدیق کے طریقہ کار کے بارے میں استفسار کیا اور اس کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ اصل ملکیت کو یقینی بنایا جا سکے، جعلی اندراجات کا خاتمہ ہو اور ڈیجیٹل زمین کے ریکارڈ کی ساکھ مضبوط بنائی جا سکے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے آگاہ کیا کہ سخت تصدیقی نظام نافذ ہے اور سی این آئی سی کا اندراج منظور شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جا رہا ہے ایس ایم بی آر نے سیٹلمنٹ کارروائیوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیٹلمنٹ سٹاف اور ایس ڈی ایل آر پراجیکٹ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایل آر منصوبہ ایک اہم اصلاحاتی اقدام ہے جس کا مقصد عوام کو محفوظ، شفاف اور چھیڑ چھاڑ سے پاک زمین کا ریکارڈ فراہم کرنا ہے، دورے کے اختتام پر ایس ایم بی آر نے فیلڈ سٹاف کو کام کی رفتار برقرار رکھنے کی تلقین کی اور مقررہ طریقہ کار کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے سیٹلمنٹ سرگرمیوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس ڈی ایل آر منصوبے کے تحت زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے زمین کے انتظامی نظام کو جدید بنایا جائے اور عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
