خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان کا وادی تیراہ سے نقل مکانی سے متعلق وفاقی حکومت کی بیان پر رد عمل

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی و آپریشن کا سارا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا قوم جانتی ہے کہ وادی تیراہ میں آپریشن سے متعلق وفاقی وزراء کی قومی اسمبلی میں تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈی سی کی جانب سے جاری لیٹر اور تیرہ کی مقامی 24 رکنی کمیٹی کا موقف بھی سب کے سامنے ہے۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ وادی تیراہ کے لوگ آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی وادی تیراہ آپریشن کے حوالے سے اپنا مؤقف متعدد بار واضح کر چکے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی میں امن جرگہ کے دوران تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر آپریشن کی مخالفت کی تھی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پہلے وفاقی حکومت اپنے فیصلے قوم پر مسلط کرتی ہے جبکہ پھر مشکل وقت میں متاثرین کو بھی تنہا چھوڑ دیتی ہے اور وفاقی حکومت کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ وزیر برائے ریلیف عاقب اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انخلاء کرنے والے متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے، جبکہ فنڈز کے اجراء کا مقصد متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنا تھا اور اس معاملے میں صوبائی حکومت نقل مکانی پر مجبور ہونے والے متاثرین کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلاء کے حوالے سے وفاقی حکومت کا بیان بے بنیاد، من گھڑت، حقائق کے منافی اور عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں