ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے گزشتہ روز ضلع ہری پور فوڈ سیفٹی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامی افسران سے بھی تفصیلی ملاقات کی اور فوڈ سیفٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ اور ڈائریکٹر فنانس ظاہر محمود بھی موجود تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری و مضرِ صحت خوراک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں ڈائریکٹر جنرل نے ہری پور فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا، جہاں صنعتی زون میں مختلف پروڈکشن یونٹس اور شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران خام مال سے لے کر تیار شدہ مصنوعات تک تمام مراحل کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مصنوعات کے معیار کو تسلی بخش قرار دیا اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کو سراہا۔ انہوں نے فیکٹری مالکان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر کاشف اقبال جیلانی نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
