خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ بر سوات کو باقاعدہ ضلع کا درجہ ملنا، احسن اقدام ہے، بر سوات کے لوگ خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ بر سوات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے حوالے سے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجدعلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ترقیاتی منصوبوں کی بہتر انجام دہی اور اس میں تیزی آنے سمیت انتظامی امور میں بھی آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بر سوات کو برسوات کا نام دینے سے اس کی تاریخی پہچان اور شناخت بھی برقرار رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات اور برسوات دونوں کے لیے یہ ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام ہے اور دونوں اضلاع باہمی تعاون، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ترقی و خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوات کو دو اضلاع بنانے کافیصلہ علاقے کے روشن مستقبل کے لیے بنیاد ثابت ہوگا۔
