وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، تاج محمد خان ترند نے حالیہ برف باری اور بارشوں سے متاثرہ ضلع بٹگرام میں تمام رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی اور برف ہٹانے کے لیے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو ہدایات جاری کر دی ہیں

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، تاج محمد خان ترند نے حالیہ برف باری اور بارشوں سے متاثرہ ضلع بٹگرام میں تمام رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی اور برف ہٹانے کے لیے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔مشیر کھیل نے پشاور میں واقع اپنے دفتر سے بذریعہ ٹیلی فون ڈپٹی کمشنر بٹگرام سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ لنگ روڈز، دور افتادہ علاقوں کی سڑکوں اور اہم شاہراہوں کو فوری طور پر کھولا جائے۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے بھاری مشینری اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔تاج محمد خان ترند نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں عوام کو روزمرہ ضروریات، علاج معالجے اور آمدورفت میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ افراد جن کے مکانات بارشوں یا برف باری کے باعث متاثر ہوئے ہیں، اپنی درخواستیں ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام میں جمع کروائیں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔مشیر کھیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کریں تاکہ بحالی کا عمل مؤثر اور تیز تر بنایا جا سکے۔انہوں نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔

مزید پڑھیں