پشاور براق 62ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمدخان ترند تھے، جنہوں نے باقاعدہ طور پر ٹرافی کی رونمائی کی۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند امر ہے جس سے صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے منشور کے مطابق تمام اضلاع کے کھلاڑیوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور آئندہ بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے آخر میں صوبائی حکومت کی جانب سے نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے لیے پانچ لاکھ روپے کے تعاون کا اعلان بھی کیا۔62 ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ یکم فرور ی سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی جس میں ملک بھر سے سو سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔
