خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے عابد خان کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں منعقدہ عمران خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے عابد خان کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں منعقدہ عمران خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فائنل مقابلے کے موقع پر کرکٹ شائقین، نوجوان کھلاڑیوں، سپورٹس آرگنائزرز، سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔فائنل میچ سے قبل صوبائی وزیر فضل شکورخان کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ قومی ترانے کے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی تربیت، نظم و ضبط، برداشت، صبر اور ٹیم ورک جیسی خصوصیات کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گولڈ کپ جیسے ٹورنامنٹس نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں اور اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں، منشیات اور جرائم سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مذید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور صوبے بھر میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند نوجوان ہی ایک مضبوط اور خوشحال خیبر پختونخوا کی ضمانت ہے۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نوجوانوں میں مثبت سوچ، بھائی چارے، برداشت اور امن کے پیغام کو فروغ دیتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عمران خان گولڈ کپ جیسے معیاری ٹورنامنٹس کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع میسر آئیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کامیاب ٹیم کو ٹرافی اور نقد انعامات دیے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں بھی انفرادی انعامات تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان مستقبل میں ملک و صوبے کا نام روشن کریں گے۔

مزید پڑھیں