گڈ گورننس روڈ میپ، وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کل کھلی کچہری میں عوام کے رو برو پیش ہوں گے

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت عوامی مسائل کے براہِ راست حل کے لیے کل بروز جمعرات “کھلی کچہری”کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مؤثر موقع فراہم کرنا ہے۔یہ کھلی کچہری 29 جنوری 2026 کو دوپہر ایک بجے فیس بک لائیو کے ذریعے نشر کی جائے گی، جس میں سیکرٹری بلدیات سمیت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ کھلی کچہری کا اہتمام محکمہ لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔مذکورہ ایونٹ کے حوالے سے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں شفافیت، بہتری اور بروقت رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور کھلی کچہری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے علاقوں سے متعلق بلدیاتی مسائل، شکایات اور تجاویز بلا جھجھک کھلی کچہری میں پیش کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہری کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر ان کے ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر بلدیات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فیس بک لائیو سیشن میں بھرپور شرکت کریں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مسائل براہِ راست (www.facebook.com/share/183XAMXYZ8DI/?MIBEXTID=WWXIFR) کے ذریعے حکومت کے سامنے رکھیں تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں