وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور طلال چودھری کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں وفاقی وزراء پاکستان تحریک انصاف کو عوامی سیاست کا درس دینے سے پہلے اپنا سیاسی مقام دیکھیں،پاکستان تحریک انصاف اس وقت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت اور عوامی سیاست کی نمائندہ ہے جبکہ موجودہ وفاقی حکمران جعلی فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نورتنوں کا بیانیہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور قوم اب ان کے جھوٹے اور ناکام بیانیے سے بخوبی آگاہ ہے،معاون خصوصی نے کہا کہ وادی تیراہ سے متعلق وفاقی وزراء کی پریس کانفرنسز اور قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں جو خود ان کے تضادات اور جھوٹے مؤقف کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں، انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت کا اصل چہرہ اب پوری قوم کے سامنے آ چکا ہے اور مسلسل پریس کانفرنسز کے ذریعے حقائق چھپانے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں،شفیع جان نے مزید کہا کہ تیراہ سے انخلاء کے معاملے پر وفاقی حکومت نے نہایت ہی منفی سیاست کی جسے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء آپریشن سے متعلق اپنے ہی بیانات سے مکر گئے جو یوٹرن نہیں بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کا ایک منظم ڈرامہ ہے۔ عطاء اللہ تارڑ کو دانستہ طور پر ڈس انفارمیشن پھیلانے کے لیے آگے لایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ تارڑ اور طلال چودھری نے مل کر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم چلائی لیکن باشعور عوام نے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کے خلاف پراپیگنڈہ کو پوری طرح مسترد کردیا ہے،بند کمروں میں فیصلے کرنے والے جعلی وفاقی وزرا عوام میں جانے سے خوفزدہ ہیں جبکہ عوام اب وفاق پر مسلط منفی کرداروں سے تنگ آ چکے ہیں،معاون خصوصی نے کہا کہ مسترد شدہ ٹولہ اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے مگر پاکستان تحریک انصاف نے عوام دشمن سیاست کرنے والوں کا سیاسی بستر گول کرنے کا عزم کر رکھا ہے،دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ مقدمہ کے اندراج اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت 8 فروری کے احتجاج کے اعلان سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ احتجاج کو روکنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف عوام اور اپنے کارکنوں کے ساتھ مل کر 8 فروری کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنائے گی۔
