صوبے میں نئی داخلہ مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت26 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور یقین ہے کہ پہلی دفعہ ایک منظم طریقہ کار کے تحت اس داخلہ مہم سے سو فیصد نتائج حاصل کئے جائیں گے جس کا باقاعدہ طور پر ڈیٹا ریکارڈ موجود ہوگا اور روزانہ کی بنیاد پر اس کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارخیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے منگل کے روز پشاور میں گرین انرولمنٹ کیمپیئن 2026 کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد، سپیشل سیکرٹری مسعود احمد، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیش کے منیجنگ ڈائر یکٹر قیصر عالم، چیف پلاننگ آفیسرزین اللہ،ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نعمانہ سردار جبکہ آن لائین صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے اور جنگلات کے فروغ کے لئے گرین انرولمنٹ کمپیئن 2026 شروع کی جا رہی ہے اور متعلقہ افسران اس مہم کی کامیابی کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں انہوں نے گرین انرولمنٹ کمپیئن 2026 کے تمام سٹیک ہولڈرز سے کہا ہے کہ وہ صوبے میں نئی گرین انرولمنٹ کمپئین کے نام سے شروع کردہ داخلہ مہم کو منظم طریقے سے چلاتے ہوئے مطلوبہ اہداف کو کامیابی سے حاصل کر یں اور اس کے لئے حکومت کی جاری کردہ تمام ہدایات پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ داخلہ مہم میں بچیوں پر خاص توجہ مرکوز کر تے ہوئے زیادہ سے زیادہ داخلہ مہم میں طالبات کو شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنا محکمہ کی اولین ذمہ داری بنتی ہے اس لئے ڈائریکٹوریٹ سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز میڈیا،سوشل میڈیا،مدارس اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کے ذریعے داخلہ مہم کو کامیاب بنا ئیں۔ صوبائی وزیر نے نئی داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے مقامی ممبران صوبائی اسمبلی سے بھی تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طورپر صوبے کے بچوں کو نئی داخلہ مہم میں عمر کی رعایت دی جائیگی جبکہ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کا ڈیجیٹائز ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ اس موقع پر نئی داخلہ مہم 2026کوگرین انرولمنٹ کمپئین کا نام دیا گیا جس کے تحت داخلہ مہم کے ساتھ ساتھ صوبے میں جنگلات کے فروغ کے لئے پودے بھی لگائے جائیں گے۔اجلاس میں داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف آراء ا ور تجاویز بھی پیش کی گئیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی نجی سکولوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنائے اور ان اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئندہ کی داخلہ مہم کا پانچ سالہ پلان تیار کرے گی۔
