یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی اور پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز اعظم خان بلاک سول سیکرٹریٹ سے ہوا، جس میں کابینہ اراکین، اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، پشاور ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات، سرکاری افسران، صحافی برادری، طلبہ و طالبات اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، آزادی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی صاحبزادہ عبدالقیوم روڈ پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے سے گزرتی ہوئی گورنر ہاؤس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین، کشمیری رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے اور شہری آزادیوں پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔اس موقع پر اقوامِ متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔مقررین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کشمیری عوام کی قربانیوں، بہادری اور غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یومِ یکجہتی کشمیر دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے اور یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ریلی کا اختتام پرکشمیری عوام کی جدو جہد حق خودارادیت میں کامیابی کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔
