خیبرپختونخواحکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو نے ایک اہم کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔محکمہ ایکسایز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق، پراوینشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان کی زیر نگرانی، انسپکٹر فخر عالم خان اور سب انسپکٹر فیاض خان پر مشتمل ایکسائز اینٹیلیجنس سکواڈ نے دیگر نفری کے ہمراہ ایچ گول چوک پشاور میں کی گئی کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی نمبر LEB-4852 کو روک کر تلاشی لی جس کے نتیجے میں گاڑی سے تقریباً 36000 گرام چرس برآمد کی گئی۔ موقع پر موجود دو ملزمان، ذیشان ولد شاہد علی اور محمد طارق ولد محمد شاہد، ساکنان لاہورکو گرفتار کر لیا گیا۔ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کے خلاف جاری مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
