محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کی جانب سے ٹیکس نادہندگان کے خلاف جاری مہم کے تحت ضلع مردان اور کوہاٹ میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد پراپرٹی یونٹس سیل کر دیے گئے۔محکمہ سے موصولہ تفصیلات کے مطابق، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مردان محمد خالد کی نگرانی میں تحصیل تخت بھائی میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران متعدد ڈیفالٹر پراپرٹی یونٹس کو سیل کیا گیا۔دوسری جانب ضلع کوہاٹ میں بھی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر رحمان الدین کی ہدایت پر بڑے ٹیکس نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکس واجبات کی وصولی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔محکمہ کے مطابق متعدد بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ اسی تناظر میں کوہاٹ کے وارڈ نمبر 1، 3 اور 5 میں کارروائی کے دوران متعدد ٹیکس نادہندہ یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔محکمہ ایکسائز نے جائیداد مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ٹیکس واجبات بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی اور ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے
