خیبر پختونخوا حکومت پانی کے ضیاع کو روکنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، شفیع جان

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ عالمی یوم آب ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پانی زندگی، صحت عامہ اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ محفوظ، قابل اعتماد اور منصفانہ انداز میں پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت پانی کے ضیاع کو روکنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لوکل گورننس سکول حیات آباد میں یونیسیف ، واٹسن سیل اشتراک سے عالمی یوم آب کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ سیمنار میں آبی ماہرین سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیمینار میں پانی کی اہمیت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر امور پر سیر حاصل بحث ہوئی۔معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ بانی چئیرمن عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے میں ماحولیات،جنگلات سمیت ہر شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ ان منصوبوں کے تحت خیبر پختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں پانی کی ترسیل اور فلو واٹر میٹرز کی تنصیب پر کام جاری ہے۔ اس طرح پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے ٹیوب ویلوں میں سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن کے ذریعے پانی کے استعمال کی نگرانی کی جائے گی۔ اسی طرح پینے کے صاف کی فراہمی کے لئے بوسیدہ پائپ لائنز کی تبدیلی پر بھی کام جاری ہے۔ بوسیدہ پائپ لائنز کی تبدیلی سے پانی کے ضیاع میں کمی اور معیار میں بہتری آئے گی،
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آبادی کا ایک بڑا حصہ تاحال محفوظ پینے کے صاف پانی تک رسائی سے محروم ہے۔صوبائی حکومت اگلے تین سال میں صوبے کے ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ آبی تحفظ اور صفائی ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔صرف صاف پانی کی فراہمی کافی نہیں جب تک اس کے ساتھ مناسب صفائی اور حفظان صحت کا نظام موجود نہ ہو۔شفیع جان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بہتر منصوبہ بندی، مؤثر حکمرانی اور پانی کی فراہمی و صفائی کے نظام میں پائیدار سرمایہ کاری پر توجہ دینا ہوگی۔ دیرپا بہتری کے لیے حکومتی اداروں، جامعات، کمیونیٹیز کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔ خیبرپختونخوا میں صفائی اور حفظان صحت کے حوالے سے یونیسیف کا کردار قابل تحسین ہے۔ ہمیں مل کر پانی کے ضیاع کو روکنا ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے اس قیمتی وسیلے کو محفوظ بنانا ہوگا۔ بحیثیت قوم ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی ، پانی کا بے جا اور غیر ضروری استعمال ترک کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں