وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے یکم مئی، یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن محنت کش طبقے کی عظیم قربانیوں، انتھک جدوجہد اور معاشی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور ان کی محنت کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب ادھورا رہتا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ یوم مزدور ہمیں اس امر کا احساس دلاتا ہے کہ محنت کش بھائیوں اور بہنوں کے حقوق کے تحفظ، بہتر اجرت، محفوظ ماحول اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے مسلسل اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد، سوشل سیکیورٹی، صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات تک بہتر رسائی شامل ہے۔ صوبائی حکومت نے محنت کشوں کی کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ایک خوشحال مزدور پر ہی استوار ہے۔
