خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے خیبرپختونخوا میں اراکین صوبائی اسمبلی کی گروپ بندی سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، من گھڑت اور بے بنیاد پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں شفیع جان نے کہا کہ پارٹی اراکین اسمبلی میں تقسیم کا خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں متحد ہیں اور عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر مکمل یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف پہلے دن سے ایک منظم اور بے بنیاد پراپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے انھوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے،پاکستان تحریک انصاف میں عمران خان کا فیصلہ حتمی حیثیت رکھتا ہے،شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات مولانا شیخ ادریس شہید کی شہادت پر تعزیت اور صوبے کی امن و امان کی صورتحال سے متعلق تھی، خیبرپختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں حقیقی جمہوری اقدار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے کے حقوق، وسائل اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ باقاعدگی سے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور آئندہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے صوبائی بجٹ کا انتظار کریں، یہ بجٹ نہ صرف بہ آسانی منظور ہوگا بلکہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی ریلیف کے نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔شفیع جان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کے مینڈیٹ کی حقیقی نمائندہ ہے اور اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور عوامی ریلیف کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
