خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہے،عملی طور پر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان الیکشن جیت چکی ہے،انھوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان میں عوام نے الیکشن سے پہلے عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں عمران خان کا خوف دیگر جماعتوں پر واضح طور پر طاری ہے۔ انہوں نے عام انتخابات کی مہم کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کےصدر جنید اکبر خان کو گرفتار کر کے صوبہ بدر کیا گیا، جبکہ اسد قیصر کو روکنے کے لیے پورے ایئرپورٹ کی ٹریفک بند کر دی گئی۔ اس کے علاوہ، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجوتھہ کو بھی انتخابی مہم سے روکا گیا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس جماعت کے ساتھ پی ٹی آئی نے انتخابی اتحاد کیا، بدقسمتی سے اس سے انتخابی نشان تک واپس لے لیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو مختلف انتخابی نشانات الاٹ کئے گئے،انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان قید میں ہونے کے باوجود دیگر جماعتوں کے اعصاب پر چھائے ہوئے ہیں۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے ووٹ اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے اور تمام امیدواروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہ اس بار فارم 45 کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور 8 فروری کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کیساتھ ہونے والی انتخابی دھاندلی کو دوبارہ دہرانے نہیں دیا جائے گا۔شفیع جان نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف سے عوامی مینڈیٹ چھینا گیا اور اسے وفاق و پنجاب میں واضح اکثریت ہونے کے باوجود فارم 47 کے زریعے حکومت بنانے کے جائز حق سے محروم کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو ‘لیول پلیئنگ فیلڈ’ فراہم نہیں کی جا رہی۔شفیع جان نے کہا کہ ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان میں کلین سوئپ کرے گی اور اپنی حکومت قائم کرے گی۔ انہوں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے جعلی حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کا ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے
