مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے جمعہ کے روز اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں طوفانی بارشوں، آندھی، طوفان اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی، ریلیف، سی اینڈ ڈبلیو سمیت آرمی، ایف سی، ریسکیو، پی ڈی ایم اے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی ضروری منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سوات میں بحرین بازار روڈ کی بحالی پر تیزی سے جاری کام رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کی مالی مشکلات کے باوجود سیلاب سے نمٹنے کے لئے درکار فنڈز کی دستیابی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جارہی ہے۔ اور ہدایت کی کہ نوشہرہ میں حفاظتی پشتوں میں شگافوں کی فوری طور پر مرمت کی جائے۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی متوقع تعداد کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔ کسی ناگہانی صورتحال اور سیلاب کی وجہ سے رابطہ سڑکیں منقطع ہونے پر سیاحوں کے لیے مناسب انتظامات بھی کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سینڈ بیگز، لائف جیکٹس، کشتیاں، ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر درکار ضروری آلات اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ سیلابی ریلوں کے ممکنہ خطرے کے حامل اضلاع بالخصوص چترال، سوات، ڈی آئی خان، ٹانک، چارسدہ، نوشہرہ میں پیشگی ضروری اقدامات کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع میں انتظامیہ پہلے سے اشیائے خوردونوش، پیٹرول اور ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ بھی یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو محکمہ ریلیف کے مون سون منصوبے اور اربن فلڈنگ پلان پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انکا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے بروقت اقدامات ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں