آرٹسٹ کسی بھی معاشرے کی ثقافت، تہذیب اور مثبت تشخص کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں۔ شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان سے ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ میں آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے ایک نمائندہ وفد نے نامور فنکار ارشد حسین کی سر براہی میں ملاقات کی،ملاقات میں صوبے میں فن و ثقافت کے فروغ، آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ، فنکاروں کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وفد میں طارق جمال، نوشابہ، ذوالفقار، خالد خان سمیت دیگر فنکار بھی شامل تھے،اس موقع پر وفد نے فن و ثقافت کے فروغ، فنکاروں کی معاشی بہتری اور ثقافتی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں،وزیر اطلاعات شفیع جان نے وفد سے گفتگو سے کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ کسی بھی معاشرے کی ثقافت، تہذیب اور مثبت تشخص کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار قوم کی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کے امین ہیں اور ان کا فن ہماری قومی شناخت کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آرٹسٹ کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فن، ثقافت اور ادبی ورثے کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے،شفیع جان نے وفد کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ انکی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں جلد ہی وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ثقافت اور متعلقہ حکام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ فنکاروں کے مسائل کے حل اور ثقافتی شعبے کی ترقی کے لیے مؤثر لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔وفد نے فنکاروں کے مسائل کے حل اور مکمل تعاون کی یقین دہانی پر وزیر اطلاعات شفیع جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت کے اقدامات سے صوبے میں فن و ثقافت کے شعبے کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

مزید پڑھیں