ضلع خیبر میں ڈیجیٹل لائبریری کا قیام، نگراں وزیر ریلیف بحالی و آبادکاری تاج محمد آفریدی نے افتتاح کیا

گورنمنٹ ہائی سکول جمرود ضلع خیبر میں ڈیجیٹل لائبریری کا قیام، نگراں وزیر ریلیف بحالی و آبادکاری تاج محمد آفریدی نے افتتاح کیا۔ ضم اضلاع میں نظام تعلیم جدت کا متقاضی ہے۔ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا ہے کہ ضم قبائلی اضلاع میں بہتر تعلیمی ماحول، اداروں میں عملہ و دیگر درکار ضروریات و سہولیات کی فراہمی جبکہ وہاں کے تعلیمی نظام میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول جمرود ضلع خیبر میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع خیبر، پرنسپل صاحبان، اساتذہ کرام، پیرنٹس ٹیچر کونسل چیئرمین و ممبران بھی شریک تھے۔

اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع کی تاریخ میں یہ پہلی ڈیجیٹل لائبریری ہے، جس کا آج باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ مذکورہ ڈیجیٹل لائبریری میں آف لائن و آن لائن دونوں اقسام کے کتب موجود ہیں۔ اس جدید لائبریری کے توسط سے اساتذہ کرام، طلبہ اور اعلٰی تعلیم و تحقیق سے وابسطہ افراد اپنے گھروں میں بیٹھ کر بھی مختلف کتب کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر تاج محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی آج باہر دنیا ہم سے ٹیکنالوجی میں آگے ہے جس کی بڑی وجہ بہتر نظام تعلیم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں شعبہ تعلیم اور تعلیمی اداروں میں جہاں جہاں خامیاں ہیں ان کو دور کیا جائے اور جدت و بہتری کیلئے نیا وژن عملی و یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں