ضلع دیر اپر و لوئر اور تحصیل کالام لینڈ ریکارڈ سیٹلمنٹ ہیڈ آفس میں پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے بدھ کے روز ضلع دیر اپر و لوئر اور تحصیل کالام لینڈ ریکارڈ سیٹلمنٹ ہیڈ آفس میں پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا. جائزہ اجلاس کے موقع پر معاون خصوصی پیر ہارون شاہ کو پراجیکٹ ڈائریکٹر فہد وزیر نے لینڈ سیٹلمنٹ طریقہ کار، پراجیکٹ کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی. پراجیکٹ ڈائریکٹر فہد وزیر نے معاون خصوصی پیر ہارون شاہ کو بریف کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ضلع دیر اپر میں مجموعی طور پر 121 موضع جات، دیر لوئر 216 موضع جات اور تحصیل کالام سوات میں 17 موضع جات میں لینڈ سیٹلمنٹ پر کام جاری ہے. شجرہ نسب کے حوالے سے دیر اپر 75 فیصد، دیر لوئر 93.5 فیصد، اور سوات کالام کا 27 فیصد شجرہ نسب کا اندراج کیا جا چکا ہے. معاون خصوصی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ لینڈ سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے تحت دیر لوئر کے 56 موضع جات کا ڈیٹا جیوگرافک انفارمیشن سسٹم میں ڈالا گیا ہے جبکہ کالام سوات کے 17 موضع جات کا ڈیٹا جی آئی ایس سسٹم میں ریکارڈ کیا گیا ہے. معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے ضلع دیر اپر و لوئر اور تحصیل کالام لینڈ ریکارڈ سیٹلمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی بروقت فراہمی، گاڑیوں کی کمی پورا کرنے اور دیگر متعلقہ مسائل کو جلد از جلد حل کر لیں گے تاکہ متعلقہ علاقوں میں لینڈ ریکارڈ ترتیب میں لا کر کمپیوٹرائزڈ بھی کیا جا سکے. انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سیٹلمنٹ میں معیاری کام کو فوقیت دی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی فرد کو لینڈ ریکارڈ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے

مزید پڑھیں