محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مالی سال 2026-27 کے دوران ضلعی صحت دفاتر اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو ادویات کی خریداری کے لیے مختص بجٹ کے استعمال سے متعلق سخت ہدایات جاری کی ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق ادویات کے لیے مختص بجٹ کو صرف اور صرف ادویات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا اور خریداری منظور شدہ اسٹینڈرڈ میڈیسن لسٹ (SML)، مروجہ قواعد و ضوابط اور متعلقہ رہنما اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ادویات کے لیے مختص بجٹ کا کوئی بھی حصہ کسی دوسری سرگرمی، مقصد یا اخراجات کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح گزشتہ مالی سالوں کی پرانی واجبات، بقایاجات یا زیرِ التوا ادائیگیوں کی کلیئرنس کے لیے بھی اس بجٹ کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران ادویات کے مختص بجٹ کو مقررہ مقصد کے لیے ہی استعمال کیا جائے اور اس حوالے سے مکمل شفافیت اور قواعد کی پابندی یقینی بنائی جائے۔محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ ہدایات سے کسی بھی قسم کا انحراف یا بجٹ کا غیر مجاز استعمال سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس کی ذمہ داری متعلقہ افسر پر عائد ہوگی۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی وسائل کا شفاف، مؤثر اور مقررہ مقصد کے مطابق استعمال محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
