پشاور میں محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی کا مشترکہ کریک ڈاؤن، 5 فلور ملز کا معائنہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر عوام کو معیاری اور محفوظ آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ خوراک اور خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرکاری گوداموں سے گندم اٹھانے والی پانچ فلور ملز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مقررہ معیار اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک فلور مل کا سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر دیا گیا، جبکہ مختلف فلور ملز سے حاصل کیے گئے آٹے کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔کارروائی سیکرٹری محکمہ خوراک شاہ محمود،ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف جیلانی اور ڈائریکٹر فوڈ محسن اقبال کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور اور راشننگ کنٹرولرکی نگرانی میں محکمہ خوراک کی ٹیم نے فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ مختلف فلور ملز کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران فلور ملز میں گندم اور آٹے کے معیار، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے انتظامات، پیداواری عمل اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف ملز سے آٹے کے نمونے حاصل کرکے تجزیے اور معیار کی جانچ کے لیے فوڈ اتھارٹی کی لیبارٹری ارسال کیے گئے۔
حکام کے مطابق ایک فلور مل کی کارکردگی مقررہ معیار اور ضوابط کے مطابق نہ ہونے پر اس کا سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر دیا گیا، جبکہ دیگر ملز کی کارکردگی اور تیار کردہ آٹے کے معیار کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔معائنہ ٹیموں نے فلور ملز کی انتظامیہ کو آٹے کے معیار، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حکام نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی میں غفلت یا مقررہ معیار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب فلور ملز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ خوراک اور خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق فلور ملز کی نگرانی اور مشترکہ معائنوں کا سلسلہ مزید تیزی لائی جائے گی۔ لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے کے بعد نتائج کی روشنی میں ضابطے کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں